کابل: شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں نے مشرقی افغانستان میں بچوں سمیت 30
افغان شہریوں کو اغواء کے بعد قتل کر دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف
پی نے بتایا کہ واقعہ منگل 25 اکتوبر کی رات صوبہ غور کے شمال میں فیروز
کوہ کے علاقے میں پیش آیا۔ مقامی حکام کے مطابق داعش نے اپنے ایک کمانڈر کی
ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ان افراد کو اغواء کر کے قتل کیا۔ غور کے گورنر
ناصر قاضی نے اے ایف پی کو بتایا، 'گذشتہ روز ہماری سیکیورٹی فورسز نے
مقامی افراد کے ساتھ مل کر داعش کے ایک کمانڈر کو ہلاک کیا تھا، جس کے بعد
داعش نے 30 شہریوں کو اغواء کرلیا، جن میں سے زیادہ تر چرواہے تھے'۔ غور کی
صوبائی کونسل کے رکن عبدالحمید ناطقی نے بتایا کہ 'ان افراد کی لاشوں کو
صبح مقامی افراد نے دیکھا'، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کام داعش کے حامیوں
کا ہی ہے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب داعش افغانستان میں
اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس نے یہاں بھرتیوں کا آغاز بھی کر
رکھا ہے۔